سعودی عرب اور ترکیہ کے ریلوے اور لاجسٹک سروسز سے متعلق2 مفاہمتی یادداشت پر دستخط

سعودی عرب اور ترکیہ نے ریلوے اور لاجسٹک سروسز سے متعلق2 مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے۔

ریاض۔10جون (اے پی پی):سعودی عرب اور ترکیہ نے ریلوے اور لاجسٹک سروسز سے متعلق2 مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیئے۔ اردو نیوز کے مطابق مفاہمتی یادداشتوں پر سعودی وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ لاجسٹک صالح الجاسر جبکہ ترکیہ کے وزیر ٹرانسپورٹ اور انفراسٹرکچر عبدالقادر یورال اوغلو نے ریاض میں دستخط کیے۔دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشتیں خلیجی خطے کو یورپ سے جوڑنے والے لینڈ ٹرانسپورٹ کوریڈور کی ترقی کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ یہ معاہدے اس وسیع علاقائی کوششوں کا حصہ ہیں، جس کا مقصد خلیج کو ترکیہ، شام اور اردن کے ذریعے یورپ سے ملانے والا زمینی تجارتی راستہ قائم کرنا ہے۔

خیال رہے کہ یہ اقدام حالیہ دنوں میں سہ فریقی معاہدے کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں ترکیہ، شام اور اردن کی وزارتِ ٹرانسپورٹ نے آئندہ چار سے پانچ سال میں مشترکہ ریلوے انفراسٹرکچر کی بحالی کےلیے ایک روڈ میپ پر اتفاق کیا تھا۔ ترکیہ نے پہلے ہی شام کی سرحد کے قریب وہ ریلوے ٹریک بحال کرنا شروع کردیا ہے، جو تقریبا 15 سال سے غیر فعال تھا۔ محتاط اندازے کے مطابق اس منصوبے پر 5.5 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری درکار ہوگی۔ منصوبے کے مطابق یہ کوریڈور ترکیہ کے ریلوے نیٹ ورک کو جنوبی یورپ سے جوڑے گا۔ شام کے راستے حلب اور دمشق سے گزرتے ہوئے عمان اور اردن کی بحیرہ احمر میں واقع عقبہ کی بندرگاہ تک پہنچے گا۔ اس کوریڈور کا مقصد خلیج اور یورپ کے درمیان سامان اور مسافروں کے لیے ایک تیز اور موثر متبادل فراہم کرنا ہے۔

مزید خبریں