سعودی عرب اور دیگر ممالک میں پاکستانی کمیونٹی کو سہولیات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہیں، جواد سہراب ملک

122
سعودی عرب اور دیگر ممالک میں پاکستانی کمیونٹی کو سہولیات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہیں، جواد سہراب ملک

اسلام آباد/جدہ۔19نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز اور ترقی انسانی وسائل جواد سہراب ملک نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت سعودی عرب اور دیگر ممالک میں پاکستانی کمیونٹی کو سہولیات کی فراہمی کے لیے پوری طرح پرعزم ہے، وزارت سمندر پار پاکستانیز کی طرف سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں بالخصوص سعودی عرب میں رہنے والوں کے مفادات کا خیال رکھنے اور ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کئے جا رہے ہیں،

ہنر مند پاکستانی افرادی قوت کی دستیابی اور سعودی عرب میں آنے والے منصوبوں میں مزید پاکستانی پیشہ ور افراد کو ملازمت دینے کے مزید مواقع تلاش کرنے کے لئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ اتوار کو وزارت اوورسیز پاکستانیز وترقی انسانی وسائل کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے قونصلیٹ جنرل آف پاکستان جدہ میں سعودی آجروں اور ہیومن ریسورس مینجمنٹ ایگزیکٹوز اور پاکستانی کمیونٹی کے اراکین کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا، ملاقات کے دوران سعودی مارکیٹ اور معیشت کی ضروریات کے مطابق انسانی وسائل کی ترقی کی اہمیت کو اجاگر کیا ۔

انہوں نے اس دوران ہنر مند پاکستانی افرادی قوت کی دستیابی اور سعودی عرب میں آنے والے منصوبوں میں مزید پاکستانی پیشہ ور افراد کو ملازمت دینے کے امکانات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بیرون ملک ملازمت کے اسٹیک ہولڈرز کے درمیان قریبی ہم آہنگی اور خیالات کے مضبوط تبادلہ کو یقینی بنایا جائے تا کہ سعودی عرب کی مارکیٹ میں پاکستانی افرادی قوت کے لئے مواقع سے بھر پور فائدہ اٹھایا جاسکے۔

انہوں نے پاکستانی کمیونٹی کودرپیش مسائل اور حکومت کی جانب سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا ۔ اس ضمن میں معاون خصوصی نے پاکستانی کمیونٹی کو یقین دلایا کہ حکومت پاکستان سعودی عرب اور دیگر ممالک میں پاکستانی کمیونٹی کی حمایت کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی جواد سہراب ملک نے وزارت سمندر پار پاکستانیز کی طرف سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں بالخصوص مملکت سعودی عرب میں رہنے والوں کے مفادات کا خیال رکھنے اور ان کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لیے جاری کوششوں کا اشتراک کیا۔

تقریب میں جدہ میں مقیم پاکستانی مکتبہ فکر بشمول تاجر، پیشہ ور افراد اور کاروباری افرادنے شرکت کی۔ معاون خصوصی کا دورہ سعودی عرب دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے اور ہنر مند پاکستانی افرادی قو ت کے مزید مواقع پیدا کرنے میں اہم اقدام ثابت ہوگا۔