اسلام آباد ۔ 4 ستمبر (اے پی پی)سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر، عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زائد بن سلطان بدھ کو ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ نور خان ایئربیس پہنچنے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دونوں وزراء خارجہ کا خیرمقدم کیا۔ وزارتِ خارجہ میں دونوں وزراء خارجہ کی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے ساتھ ملاقات ہو گی۔ ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ سعودی اور اماراتی وزراء خارجہ اپنے ایک روزہ دورہ کے دوران پاکستان کی اعلیٰ عسکری و سیاسی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال پر عالمی برادری بالخصوص 57 مسلم ممالک کی نمائندہ تنظیم او آئی سی کی جانب سے واضح اور ٹھوس مؤقف آنے کے بعد مسلم ممالک کے مابین اس سلسلہ میں سفارتی روابط کو خاصا فروغ مل رہا ہے سعودی اور اماراتی وزراء خارجہ کی پاکستان آمد بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔