ریاض۔1جون (اے پی پی):سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ سعودی عرب، قطر کے ساتھ مل کر شام میں سرکاری ملازمین کو مالی امداد فراہم کرے گا۔۔ الاخباریہ کے مطابق سعودی وزیر خارجہ نے دمشق میں شامی ہم منصب اسد الشیبانی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کہا کہ سعودی عرب اور قطر شام کے سرکاری ملازمین کو مالی معاونت فراہم کریں گے۔اس سے قبل دونوں ملکوں نے مالیاتی شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
شہزادہ فیصل بن فرحان نے شام پر عائد اقتصادی پابندیوں کے خاتمے میں کردار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب شام کی تعمیر نو اور معاشی بحالی کی راہ میں اس کے اہم سپورٹرز میں سے ایک رہے گا۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کا ایک اعلٰی سطح کا اقتصادی وفد بھی دورے میں موجود ہے جو مختلف شعبوں میں تعاون کے پہلوؤں کو فروغ دینے کے لیے بات چیت کرے گا۔
سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ جمہوریہ شام پر عائد پابندیوں کے خاتمے سے ترقی وتعمیر کے نئے در کھلیں گے۔انہوں نے اس امر کی یقین دہانی کی کہ ’سعودی عرب شام کی تعمیر و ترقی اور دمشق کی اصل حیثیت کی بحالی کا خواہاں ہے۔شہزادہ فیصل بن فرحان نے شام کی خودمختاری اور آزادی کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شامی عوام کے ساتھ شراکت داری کو مزید مستحکم کریں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603881