قاہرہ۔29جنوری (اے پی پی):سعودی عرب اور مصر نے ایک بار پھر مشترکہ طور پر غزہ کی پٹی میں جاری لڑائی روکنے اور جنگ سے متاثرہ شہریوں تک امداد پہنچانے پر زور دیا ہے۔العربیہ کے مطابق سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا ہے کہ مملکت غزہ کی پٹی میں لڑائی روکنے اور امداد پہنچانے کو اولین ترجیح قرار دیتی ہے۔ انہوں نےقاہرہ میں اپنے مصری ہم منصب سامح شکری کے ساتھ پریس کانفرنس میں کہا کہ مملکت علاقائی مسائل پر مصر کے ساتھ مشترکہ تعاون کی خواہشمند ہے۔
انہوں نے عالمی برادری کی طرف سے فلسطینیوں کو دی جانے والی اجتماعی سزا روکنے کے لیے متفقہ فیصلہ کرے۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی طرف سے فلسطینیوں کو اجتماعی سزا دینے کو کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔ اسرائیل فلسطینیوں کےحوالے سے عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزیاں کررہا ہے۔
اس موقعے پرمصری وزیر خارجہ نے غزہ میں فوری اور جامع جنگ بندی کے مطالبے کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی برادری کی جانب سے اسرائیل کو بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی اجازت دینے سے جنگ کا دائرہ پھیلے گا ۔
انہوں نے اس ضرورت پر بھی زور دیا کہ اقوام متحدہ کو غزہ کی پٹی کے رہائشیوں کی مدد کے لیے ضروری سامان داخل کرنے کی اجازت دی جائے۔سامح شکری نے کہا کہ ہم کچھ ممالک کی جانب سے ’اونروا‘ کی فنڈنگ روکنے کے فیصلوں سے حیران ہیں ۔