سعودی عرب اور پاکستان ہرمحاذ پر اکٹھے،مسئلہ کشمیر و فلسطین کا حل لازمی ہوچکا،افغانستان میں امن کے لیے پی ٹی آئی گورنمنٹ نے اہم کردار اداکیا،گورنر پنجاب کی اوورسیز پاکستانیوں سے گفتگو

63
تحر یک انصاف ہمیشہ ملکی مفادات کو سامنے رکھ کر فیصلے کرتی ہے،حکومت کی کامیاب معاشی پالیسوں کی وجہ سے ملک معاشی میدان میں مضبوط ہورہا ہے ،چوہدری محمدسرور

لاہور۔7اکتوبر (اے پی پی):گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ پاکستانی و سعودی عوام کے دل ہمیشہ سے ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور ہر محاذ پر دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہوتے ہیں ، پاکستان ہمیشہ سے امن کے ساتھ اور دہشت گردی کے خلاف فر نٹ لائن پر کام کر رہا ہے ،افغانستان میں امن کے لیے بھی وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے تاریخی کردار ادا کیا ،دنیا میں امن کے لیے مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کو حل کر نا لازم ہوچکا ہے ۔

گور نر ہائوس لاہور سے جاری اعلامیہ کے مطابق گور نر پنجاب دورہ سعودی عرب کے دوران عمرہ کی ادائیگی کے بعد اورسیز پاکستانیوں کے وفود سے گفتگو کر رہے تھے ،

عمرہ کی ادائیگی کے دوران گور نر پنجاب اور دیگر نے پاکستان کی ترقی ،امن و استحکام اورکشمیری و فلسطینی بہن بھائیوں کے لیے خصوصی طور پر دعا ئیں بھی کیں ۔ گورنرنے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ وزیر اعظم عمران خان کے اقتدار میں آنے کے بعد پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات پہلے سے زیادہ مضبوط ہوئے اور سعودی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے لیے سعودی حکومت نے جو تاریخی اقدامات کیے اس پر بھی ہم اس کا شکر یہ اداکرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے اس وقت بھی مثالی تعلقات ہیں اور دونوں ممالک ہر محاذ پر ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہوتے ہیں ،دونوں ممالک کے عوام کے دل بھی ایک ساتھ دھڑکتے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحر یک انصاف کی حکومت نے اپنی کامیاب پالیسوں کے ذریعے پاکستان کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچایا اور معاشی میدان میں پاکستان کی ترقی کو پوری دنیا تسلیم کر رہی ہے مگر ابھی بھی ملک کو بہت سے چیلنجز کا سامناہے جن سے نمٹنے کے لیے حکومت اداروں کی مضبوطی کو یقینی بنا رہی ہے کیونکہ اداروں کی مضبوطی سے ہی پاکستان مضبوط ہوگا اور ملک کو در پیش چیلنجز سے نمٹنا جاسکتا ہے ۔

انہوں نے پاکستان کی معاشی ترقی میں اورسیز پاکستانیوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق وفاق اور پنجاب میں اورسیز کمیشن اپنے اورسیز بہن بھائیوں کے مسائل کے حل کے لیے دن رات کام کررہا ہے،

اور سیز پاکستانیوں کے مسائل کا خاتمہ حکومت کی اولین تر جیح ہے جس کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور ہر حق دار کو اس کا حق دیا جائے گا ۔چوہدری محمدسرور نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے معاملے پر بھی تحریک انصاف کی حکومت قومی امنگوں کی تر جمانی کر رہی ہے ،

ہم نے پوری دنیا میں نہ صرف کشمیر کے مسئلہ کو اجاگر کیا بلکہ کشمیر یوں اور فلسطینی عوام پر جاری مظالم کو بھی دنیا میں بے نقاب کیا جارہا ہے ،انشا اللہ وہ وقت ضرورآئے گا جب کشمیری اور فلسطینی عوام کو بھی آزادی ملے گی ۔