سعودی عرب اور یونیسیف کے درمیان مشترکہ معاہدے پر دستخط

142
سعودی عرب اور یونیسیف کے درمیان مشترکہ معاہدے پر دستخط

ریاض ۔26ستمبر (اے پی پی):سعودی عرب نے دنیا بھر میں بچّوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے یونیسیف کے ساتھ مشترکہ معاہدے پر دستخط کر دیئے۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق کے ایس ریلیف کے نگران اعلیٰ عبداللہ بن عبدالعزیز الربیعہ اور یونیسیف کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیتھرین رسل نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 78 ویں سالانہ اجلاس کے موقع پراس معاہدے پر دستخط کیے ۔

معاہدے کے تحت کے ایس ریلیف اور یونیسیف کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے، انسانی امداد کی فراہمی اور رضاکارانہ پروگراموں کی حمایت سمیت تجربات کے تبادلے کے لیے مل کر کام کریں گے۔اس موقع پرعبداللہ بن عبدالعزیز الربیعہ نے اس بات پر زور دیا کہ سوعدی عرب یونیسیف کے منصوبوں کے ذریعے کمزور اور پسماندہ طبقے کے بچّوں اور ان کے اہل خانہ تک رسائی حاصل کرنا چاہتی ہے۔

کیتھرین رسل نے سعودی عرب کی شراکت داری پر یونیسیف کی جانب سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سے ادارے کو دنیا بھر میں ضرورت مند لاکھوں بچّوں تک رسائی میں مدد ملے گی۔یہ معاہدہ کے ایس ریلیف کے اہداف کے فریم ورک کے تحت آتا ہے جس کا مقصد مختلف شعبوں میں انسانی ہمدردی کے کام کو فروغ دینے کے لیے بین الاقوامی اور علاقائی انسانی تنظیموں کے ساتھ تعاون کو بڑھانا ہے۔