مکہ مکرمہ ۔21جولائی (اے پی پی):سعودی عرب آم کی پیداوار میں 68 فیصد خود کفیل ہو گیا ،مکہ میں سالانہ پیداوار 17 ٹن سے زیادہ ریکارڈ کی گئی ۔ ایس پی اے کے مطابق سعودی وزارت ماحولیات، پانی و زراعت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مملکت میں آم کی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔
سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں 6.966 ہیکٹر اراضی پر آم کے باغات لگائے گئے ہیں جن میں مختلف آموں کی کامیابی سے کاشت کی جاتی ہے۔آم کی کاشت میں اس وقت سعودی عرب 68 فیصد خود کفیل ہو چکا ہے۔ مملکت کے مختلف علاقوں میں آم کی فصل اپریل سے اگست تک تیار ہوتی ہے۔وزارت زراعت کا مزید کہنا تھا کہ مملکت میں اس وقت 20 اقسام کے آموں کی کاشت کی جاتی ہے جن میں سمکہ، ناعومی، الزبدہ، الجولی، تیمور اور عیون المھا سب سے زیادہ مقبول ہیں۔مکہ میں آم کی سالانہ پیداوار 17 ٹن سے زائد ہے جبکہ مدینہ منورہ ریجن میں 4 ہزار 505 ٹن اور عسیر میں 2 ہزار 800 ٹن جبکہ تبوک میں 2 ہزار 500 ٹن سے زائد کاشت ہوتی ہے۔اس کے علاوہ ریاض، قصیم، مشرقی علاقے نجران اور الباحہ میں بھی مختلف اقسام کے آموں کی کامیابی سے کاشت کی جاتی ہے۔