اسلام آباد۔29نومبر (اے پی پی):سعودی عرب ایکسپو 2030 کی میزبانی کرے گا۔سعودی خبررساں ادارے کے مطابق پیرس میں قائم بیورو انٹرنیشنل ایکسپوزیشن ڈیس کی جنرل اسمبلی نے حتمی ووٹنگ کے بعد نتائج کا اعلان کر دیا۔سعودی دارالحکومت ریاض کو رکن ممالک نے 165 میں سے 119 ووٹوں کی اکثریت سے منتخب کیا ہے۔خفیہ رائے شماری الیکڑانک ووٹنگ کے ذریعے کی گئی۔ سعودی عرب کے ساتھ کے ساتھ اٹلی اور کوریا کے نام بھی امیدواروں میں شامل تھے۔
سعودی عرب نے اس باوقار ایونٹ کے لیے جنوبی کوریا اور اٹلی کے چیلنجوں کو شکست دینے کے بعد میزبانی کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ووٹنگ سے قبل مبصرین نے خیال ظاہر کیا تھا کہ ریاض ایکسپو 2030 کی میزبانی کے لیے سب سے زیادہ مضبوط امیدوار اس لیے بھی ہے کہ میزبانی کی شرائط میں یہ بات شامل ہے کہ وہ ملک میزبانی کا زیادہ حق رکھتا ہے جس نے گذشتہ 15 برسوں میں میزبانی نہ کی ہو۔
اٹلی میں 2015 میں ایکسپو ہو چکا ہے جبکہ 2012 میں جنوبی کوریا اس کا میزبان رہا ہے۔سعودی عرب نے ایکسپو 2030 کی میزبانی کے لیے سات ارب 20 کروڑ ڈالر کا بجٹ مختص کر رکھا ہے۔سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے بیورو انٹرنیشنل ایکسپوزیشن ڈیس کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کہا کہ سعودی عرب ایکسپو 2030 کی میزبانی کےلیے سکیموں کی پابندی کرے گا۔ ان سکیموں کو مختلف ملکوں اور اداروں کے تعاون اور شراکت سے روشن حقیقت میں تبدیل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب ایکسپو 2030 کا منفرد ایڈیشن پیش کرے گا اور پائیدار ترقی کے اہداف پر توجہ مرکوز رکھے گا۔