سعودی عرب باہمی تعاون کے لیے پاکستانی نجی میڈیا کے ساتھ قریبی تعلقات کا خواہاں ہے، سعودی پریس اتاشی ڈاکٹر نائف العتیبی کی میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ

135
Saudi Press Attache
Saudi Press Attache

اسلام آباد۔4دسمبر (اے پی پی):پاکستان میں سعودی عرب کے پریس اتاشی ڈاکٹر نائف العتیبی نے میڈیا کے شعبہ میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان میں نجی نشریاتی اداروں کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لیے سعودی عرب کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو میڈیا کے نمائندوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سعودی عرب اور پاکستان میں نجی میڈیا اداروں کے درمیان تعاون کو مزید گہرا دیکھنا چاہتے ہیں، اس طرح کے تعاون کو بہت اہمیت حاصل ہے کیونکہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے مواد میں باہمی دلچسپی رکھتے ہیں۔

سعودی عرب کے پریس اتاشی نے پاکستان اور سعودی عرب سے ثقافتی پیشکشوں بالخصوص ڈراموں اور فلموں کے ساتھ منسلک ہونے کی دونوں ممالک میں لوگوں کی خواہش پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس تعاون کا مقصد دونوں ممالک کے میڈیا اداروں کے درمیان مواد کے تبادلے کی سہولت فراہم کرکے اس مطالبے کو پورا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک ایسے مستقبل کا تصور کرتے ہیں جہاں سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان فلموں اور پروڈکشنز کے تبادلے میں اضافہ ہو، اس سے نہ صرف ثقافتی تعلقات مضبوط ہوں گے بلکہ دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے اپنی شاندار تاریخ اور روایات کو دکھانے کا موقع بھی ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان میں ایسا مواد شائع کرنا چاہتا ہے جو دونوں برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو بڑھانے میں معاون ہو، مزید برآں وہ سعودی وژن 2030 کے ساتھ ہم آہنگ مواد پیش کرنا چاہتا ہے جس سے امت مسلمہ اور عرب ممالک کو فائدہ ہوگا۔ ڈاکٹر نائف العتیبی نے کہا کہ سعودی عرب نے پاکستانی میڈیا اداروں اور صحافیوں کو حج کے موسم کے دوران اہم اجتماعات، قومی دن کی تقریبات اور مملکت کے مختلف شہروں میں منعقد ہونے والی سیاسی سمٹ سمیت اہم تقریبات اور کانفرنسوں کی کوریج کے لیے دعوت دی ہے۔

سعودی عرب کے میڈیا کے شعبہ میں ہونے والی پیش رفت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے ریاض میں 6000 مربع میٹر پر محیط ایک جدید ترین سٹوڈیو کے قیام کے بارے میں معلومات شیئر کیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک نیا ادارہ بنایا گیا ہے جس میں بصری اور آڈیو مواد کا وسیع ذخیرہ موجود ہے جو دستاویزی فلم بنانے والوں اور میڈیا کے پیشہ ور افراد کی ضروریات کو پورا کرتا ہے۔ مستقبل کے منصوبوں کے حصے کے طور پر انہوں نے فروری 2024 کو ریاض میں شیڈول آئندہ سعودی میڈیا فورم کا اعلان کیا اور کہا کہ یہ فورم دنیا بھر سے میڈیا کے پیشہ ور افراد کو میڈیا کے بدلتے ہوئے منظر نامے پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے اکٹھا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی ٹیلی ویژن چینلز بشمول الحدث اور العربیہ کی دبئی سے ریاض منتقلی کو مکمل کرنے کی کوششیں جاری ہیں کیونکہ اس اقدام سے آپریشنز کو ہموار کیا جائے گا اور سعودی میڈیا انڈسٹری کی مسلسل ترقی میں مدد ملے گی۔