برازیلیا۔23ستمبر (اے پی پی):سعودی وزیر سیاحت اور اقوام متحدہ کی سیاحتی تنظیم کی ایگزیکٹو کونسل کے چیئرمین احمد الخطیب نے کہا ہے کہ مملکت سیاحت کے شعبے کو پائیدار بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق انہوں نے برازیل کے شہر بیلیم میں منعقدہ جی 20 ممالک کے وزرائے سیاحت کے اجلاس میں مملکت کے اعلیٰ سطحی وفدکی سربراہی کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب جی 20 کے رکن ممالک کے ساتھ شریک ہے اور سیاحت کے باہمی روابط کو بڑھانے کے لیے پر عزم ہے۔ یہ اجلاس ’’ایک مساوی دنیا اور ایک پائیدار سیارے کی تعمیر‘‘ کے عنوان سے منعقد کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ سیاحتی رابطوں کو فروغ دینے میں ہم جو کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں وہ اقتصادی فوائد سے کہیں زیادہ ہیں۔ یہ دنیا بھر کے لوگوں کے لیے مملکت کی قدیم اور بھرپور ثقافت کو دریافت کرنے کے دروازے کھولتے ہیں اس سے دوسرے ممالک اور ثقافتوں کو سمجھنے کا موقع ملتا ہے۔ جی 20 ممالک کے ساتھ ساتھ بیلیم شہر میں ہونے والے اس اعلیٰ سطحی پروگرام میں دیگر ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کے 32 نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد G20 ٹورازم ورکنگ گروپ کی رپورٹ کو حتمی شکل دینا ہے۔ عالمی سیاحت کی ترقی کو مؤثر، پائیدار اور متوازن بنانے کے لیے رکن ممالک کے اقدامات کو آگے بڑھانا ہے۔
اجلاس کی سرگرمیوں کے ایک حصے کے طور پر سعودی وزیر سیاحت نے برازیل، اٹلی، بھارت، سپین اور جاپان کے وزرائے سیاحت اور سرکردہ شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ اس کے علاوہ اقوام متحدہ کی سیاحتی تنظیم کے سیکرٹری جنرل زوراب پولولیکاشویلی اور ورلڈ ٹریول اینڈ ٹورازم کونسل کی سی ای او جولیا سمپسن سے ملاقات بھی کی۔ سعودی وزیر سیاحت نے عالمی رہنماؤں کے ساتھ اپنی ملاقاتوں کے علاوہ عالمی سفر اور سیاحتی کونسل کی تنظیم کے تحت سرکاری اور نجی شعبوں کے درمیان ایک مکالمے کا انعقاد کیا،
جس میں سفر پر کورونا وائرس کی وبا کے اثرات کا تجزیہ کرنے والی ایک مشترکہ رپورٹ پراتفاق کے ساتھ ساتھ سیاحت کے شعبے میں ملازمتیں پیدا کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔مملکت کے وژن 2030 کے فریم ورک کے اندر سعودی عرب ماحول دوست سیاحت کے ترقیاتی منصوبوں پر بہت زیادہ توجہ دے رہا ہے جن میں اہم منصوبے شامل ہیں۔