سعودی عرب سے چھٹا طیارہ غزہ کے لئے امدادی سامان لے کر مصرپہنچ گیا

207
Saudi Arabia

ریاض ۔15نومبر (اے پی پی):سعودی عرب سے چھٹا طیارہ غزہ کے لیے امدادی سامان لے کر مصر کے العریش ایئرپورٹ پہنچ گیا۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق عریش سے یہ سامان ٹرکوں کے ذریعے غزہ منتقل کیا جائے گا۔ طیارے کے ذریعے کھانے پینے کی اشیا اور عارضی پناہ گاہوں کے لئے درکار ضروری سامان بھیجا گیا ہے۔ واضح رہے گزشتہ پانچ طیاروں کی طرح چھٹے طیارے سے بھی 35 ٹن سامان بھیجا گیا ہے۔

ہوائی جہاز کے ذریعے امدادی سامان کی ترسیل خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی جانب سے غزہ میں فلسطینی بھائیوں کی مدد کے لیے عوامی عطیات مہم کا حصہ ہے۔ دوسری جانب شاہ سلمان مرکز نے مشرق قریب میں فلسطینی پناہ گزینوں کے روزگار اور مدد کے لیے قائم اقوام متحدہ کی ایجنسی یو این آر ڈبلیو اے کی درخواست پر فلسطینیوں کے انسانی مسائل ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے 15 ملین ڈالر فراہم کئے ہیں۔