لاہور۔5فروری (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی ریجنل کمیٹی برائے خوراک کے کنوینر شاہد عمران نے کہا ہے کہ سعودی عرب مشرق وسطی کی سب سے بڑی درآمدی منڈی ہے اور پاکستان کو اپنی برآمدات کو بڑھانے کیلئے اس پر زیادہ سے زیادہ توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔
انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں میاں زاہد اقبال آرائیں کی قیادت میں فوڈ ایکسپورٹرز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے برآمد کنندگان ابھی تک اس صلاحیت کا پورا ادراک نہیں کر رہے۔
ہمیں سعودی عرب کو برآمدات کے لئے زراعت، اسنیکس، ٹیکسٹائل، تعمیرات اور آئی ٹی کے شعبوں پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ حالیہ اصلاحات کے بعد اب پاکستانی سرمایہ کار اپنی کمپنیوں کو سعودی اسپانسر کے ساتھ یا اس کے بغیر رجسٹر کر سکتے ہیں۔
شاہد عمران نے کہا کہ متعدد بین الاقوامی نمائشوں کے علاوہ ایشیا کپ فٹ بال، واٹر گیمز اور فٹ بال ورلڈ کپ سعودی عرب میں منعقد ہونے جا رہے ہیں۔ پاکستانیوں کو اپنے سعودی عرب کے ہم منصبوں کے ساتھ براہ راست روابط قائم کرنے کے لیے ان ایونٹس میں لازمی شرکت کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر احمد فاروق پاکستانی برآمد کنندگان کو بہترین سہولیات فراہم کر رہے ہیں اور اپنے سفارتی اثر و رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے ان کے لیے کاروباری ملاقاتوں کا اہتمام کر رہے ہیں۔ ان کاوشوں کے مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں اور زیادہ سے زیادہ پاکستانی وفود سعودی عرب کے دورے کر رہے ہیں۔