سعودی عرب میں بین الاقوامی شہد میلہ

93

ریاض ۔ 23 ستمبر (اے پی پی) سعودی عرب میں 12واں بین الاقوامی شہد میلے کا انعقاد کر دیا گیا ہے۔ سعودی اخبار کے مطابق سعودی عرب میں شہد کی انجمن کے سربراہ الطلحی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ باحہ میں سجھنے والے 12ویں شہد میلے میں 30 سے زیادہ مقامی اول درجے کے شہد سازوں نے اپنے سٹال لگائے ہیں جن میں جنوبی کوریا کے بین الاقوامی شہد میلے ”مونڈیال” میں دنیا کے سب سے عمدہ شہد کا ایوارڈ جیتنے والا مقبول بن ساعد الطلحی بھی شامل ہے جہاں انہوں نے طائف، مدینہ اور مکہ میں تیار ہونے والے شہد کے تین نمونے پیش کئے تھے اور جیوری نے مذکورہ تینوں شہدوںکو دنیا کا سب سے عمدہ شہد قرار دیا تھا۔ الطلحی نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں اعلیٰ درجے کے کئی شہد پائے جاتے ہیں جن میں السدر، الطلح، السمر، السلم، الضھیان، کداد الصیفی، السحا، البرسیم اور الربیعی قابل ذکر ہیں۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں شہد کے استعمال کا رواج بہت زیادہ ہے۔ یہاں مقامی شہری اور مقیم غیر ملکی بڑے پیمانے پر شہد استعمال کرتے ہیں۔ عام طور پر ناشتے کی ٹیبل پر شہد ضرور رکھا جاتا ہے جبکہ اکثر شہروں میں باقاعدہ شہد بازار بھی ہیں جہاں پاکستان سے درآمدشدہ شہد بھی پیش کیا جاتا ہے۔