ریاض۔27ستمبر (اے پی پی):سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کی شاہ سعود یونیورسٹی میں بین الاقوامی کتب میلے کا آغاز ہو گیا ہے جو 5 اکتوبر تک جاری رہے گا۔ اردو نیوز کے مطابق میلے میں متعدد پویلین قائم کیے گئے ہیں۔میلے میں کیمل ایئر 2024 کے حوالے سے بھی خصوصی پویلین قائم کیا گیا ہے جہاں عرب ثقافت پر مبنی کتب اور اونٹوں کے حوالے سے تصاویررکھی گئی ہیں۔
بچوں کی دلچسپی کےلیے بھی میلے میں خصوصی اہتمام کیا گیا ہے جہاں ہر عمر سے تعلق رکھنے والے بچوں کے لیے مختلف نوعیت کی کہانیوں اور تصاویر پر مبنی کتابیں رکھی گئی ہیں۔کتب میلے میں شاہ عبدالعزیز لائبریری کے پویلین میں مختلف زبانوں میں ترجمہ شدہ لٹریچر شائقین کے لیے فراہم کیا گیا ہے جس میں عرب تہذیب وثقافت پر مشتمل کتب شامل ہیں۔امسال ریاض کتب میلے میں سب سے منفرد چیز مصنوعی ذہانت سے آراستہ روبوٹس ہیں جو مختلف زبانوں میں وہاں آنے والوں کی رہنمائی کررہے ہیں۔