سعودی عرب میں عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کر دی گئی ، 10 ذوالحجہ کے دن لاکھوں حجاج کرام رمی کے لیے منیٰ پہنچ گئے

240

ریاض۔9جولائی (اے پی پی):سعودی عرب میں عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کر دی گئی اور حجاج کرام رمی کے لیے منیٰ پہنچ گئے۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی عرب میں نماز عید ادا کر دی گئی۔ سعودی عرب میں نماز عید کے بڑے اجتماع خانہ کعبہ اور مسجد نبوی میں ہوئے۔نماز عیدالاضحیٰ کے بعد حج 2022 اپنے اختتامی مراحل میں داخل ہوگیا،لاکھوں حجاج کرام رمی کے لیے منیٰ میں پہنچ گئے ،

جہاں وہ ’بڑے شیطان‘ کو کنکریاں مارنے کے بعد بال اتروا کر احرام کھول دیں گے۔قبل ازیں حجاج نے 9 ذوالحجہ کا دن میدان عرفات میں گزارا جہاں انہوں نے حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کیا اور غروب آفتاب کے ساتھ ہی میدان عرفات سے مزدلفہ کی جانب کوچ کیا۔

حجاج کرام نے رات مزدلفہ میں قیام کیا جہاں انہوں نے مغرب اور عشا کی نمازیں قصر و جمع کی صورت میں ادا کیں اور فجر کی نماز کے ساتھ ہی منیٰ کے لیے روانہ ہوگئے، کچھ حجاج مغرب وعشا کی نمازیں مزدلفہ میں ادا کرنے کے تھوڑی دیر بعد ہی منیٰ کی جانب چل پڑے جبکہ بیشتر نے رات کا کافی حصہ مزدلفہ میں گزارا۔ مزدلفہ کا مقام تین بڑے حج مقامات میں سے ایک ہے جو منیٰ اور عرفات کے درمیان واقع ہے۔ حجاج کے قافلوں کی منیٰ میں آمد کے ساتھ ہی وادی منیٰ کی عارضی خیمہ بستی کی رونقیں بڑھ گئیں۔ حجاج کرام 11 اور 12 ذوالحجہ کو بھی منیٰ میں قیام کریں گے جبکہ بہت تھوڑی تعداد میں حجاج 13 ذوالحجہ کو بھی منیٰ میں رہیں گے۔

حجاج کی اکثریت رمی کے پہلے ہی دن طواف افاضہ کے لیے مکہ مکرمہ روانہ ہو جاتی ہے۔ مکہ جانے کے لیے ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی جانب سے مثالی انتظامات کیے گئے ہیں۔ مکہ جانے کے لیے بسوں کا بھی انتظام ہے جبکہ حجاج کی بڑی تعداد پیدل ہی منیٰ سے مکہ روانہ ہوجاتی ہے۔ مشاعر مقدسہ میں حجاج کے بال ترشوانے کے لیے بلدیہ کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جس کےتحت لائسنس یافتہ حجاموں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔دوسری جانب منیٰ کے علاقے ’المعیصم‘ کے مذبح خانے کے انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں۔ بڑی تعداد میں عارضی قصابوں کا انتظام کیا گیا ہے۔