سعودی عرب میں غیرملکی سیاحوں کی تعداد میں غیرمعمولی اضافہ

147
سعودی عرب میں غیرملکی سیاحوں کی تعداد میں غیرمعمولی اضافہ

ریاض۔8دسمبر (اے پی پی):سعودی عرب میں غیرملکی سیاحوں کی تعداد میں رواں برس غیرمعمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ایس پی اے کے مطابق سعودی وزارت سیاحت و ٹورازم کمیٹی کی بہترین منصوبہ بندی سے مملکت کے سیاحتی شعبے میں جو نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔

عالمی سطح پرسیاحوں کی جانب سے کیے جانے والے اخراجات کی مد میں بھی مملکت کی رینکنگ 15 تک پہنچ گئی ہے جو اس سے قبل 50 ویں نمبر پر تھی۔سیاحوں کی تعداد میں ہونے والے اضافے کے گراف کے مطابق سال 2019 کے مقابلے میں 2023 میں سعودی عرب عالمی سطح پر 12 ویں نمبر جبکہ جی 20 ممالک کی سطح پر سال 2024 میں سرفہرست رہا۔

یاد رہے آئی ایم ایف نے بھی اپنی مشاورتی رپورٹ 2024 میں سعودی وژن 2030 کے تحت سیاحتی شعبے میں کامیابیوں کو سراہا تھا جبکہ ورلڈ ٹریول اینڈ ٹورازم کونسل کی جاری رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2034 تک سیاحت کا شعبہ عالمی معیشت کا 11.4 فیصد حصہ بنے گا جو 16 ٹریلین ڈالر کے لگ بھگ ہوگا۔