ریاض۔17جنوری (اے پی پی):سعودی عرب کی ٹریفک پولیس نے کہا ہے کہ مخالف سائیڈ ڈرائیونگ سنگین خلاف ورزی ہے جس پر 6 ہزار ریال تک چالان کیا جاسکتا ہے۔عاجل نیوز کے مطابق ٹریفک پولیس کی جانب سے آگاہی مہم کے حوالے سے مختلف نوعیت کی خلاف ورزیوں کے بارے میں لوگوں کو متنبہ کرنے کی مہم شروع کی گئی ہے۔
ٹریفک پولیس نے کہا کہ مقررہ ضوابط کی پاسداری کرنا ہر ایک کے لیے لازمی ہے۔ قوانین کا مقصد لوگوں کی جان اور مال کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔ٹریفک کی روانی کو منظم رکھنے اور حادثات سے بچنے کے لیے ضروری ہے کہ قوانین و ضوابط کی پابندی کی جائے۔ مخالف ٹریک پر گاڑی چلانے سے سنگین حادثات رونما ہونے کا قوی امکان ہوتا ہے۔مخالف سائیڈ پر گاڑی چلانا سنگین ٹریفک خلاف ورزیوں میں شامل ہے جس پر قوانین کے مطابق کم از کم جرمانہ 3 ہزار اور زیادہ سے زیادہ 6 ہزار ریال مقرر ہے۔