سعودی عرب میں منعقدہ ایل ای اے پی 2025 میں آئی ٹی کے قومی اداروں کو بھرپور شرکت کرنی چاہئے، سجاد مصطفیٰ سید

106
Sajjad Mustafa Syed
Sajjad Mustafa Syed

اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):پاکستان سافٹ ویئر ہائوسز ایسوسی ایشن(پاشا)کے چیئرمین سجاد مصطفیٰ سید نے کہا ہے کہ ریاض سعودی عرب میں منعقدہ ایل ای اے پی 2025 میں آئی ٹی کے قومی اداروں کو بھرپور شرکت کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی شہر ریاض میں 4 روزہ عالمی تجارتی نمائش 9 تا 12 فروری 2025 کو منعقد ہوگی جس میں پاکستان کی آئی ٹی اور آئی ٹی کی خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کو بھرپور شرکت کرنی چاہئے تاکہ اپنی مصنوعات اور خدمات کو بین الاقوامی پلیٹ فارم پر متعارف کروا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ پاشا اور پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ (پی ایس ای بی)اس موقع پر 8 فروری کو ’’ پاکستان ، سعودی بزنس فورم ‘‘ کا مشترکہ انعقاد کریں گے تاکہ بین الاقوامی نمائش میں شریک پاکستانی کمپنیوں کو بزنس ٹو بزنس نیٹ ورکنگ کی سہولیات فراہم کی جا سکیں اور وہ دونوں ممالک سمیت دیگر ممالک کی آئی ٹی انڈسٹریز سے اپنے رابطوں کو فروغ دے سکیں۔

سجاد مصطفیٰ سید نے مزید کہا کہ ایل ای اے پی 2024 ، ریاض میں پاکستان کی 74 آئی ٹی کمپنیوں اور 800 سے زیادہ وفود نے شرکت کی تھی جبکہ اس بڑے ایونٹ میں 183 ممالک کے ایک لاکھ 72 ہزار سے زیادہ افراد نے بھی شرکت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ایل ای اے پی 2025 میں آئی ٹی اور آئی ٹی کی خدمات فراہم کرنے والی پاکستانی کمپنیوں اور وفود کی بھرپور شرکت سے شعبہ کی قومی برآمدات کے فروغ میں مدد ملے گی۔