سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی نے مملکت کا قومی دن منایا

170
Pakistani community
Pakistani community

جدہ ۔26ستمبر (اے پی پی):سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی نے مملکت سعودیہ کا قومی دن منایا ۔جدہ میں پاکستان کے قونصلیٹ جنرل نے سعودی عرب کے قومی دن کی مناسبت سے ایک تقریب منعقد کی جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط تعلقات کو فروغ دیتے ہوئے ان کی مشترکہ ثقافتی اور سماجی اقدار کو اجاگر کیا گیا۔جمعرات کو ایک پریس ریلیز کے مطابق جدہ میں پاکستان انویسٹرز فورم کے تعاون سے منعقد ہونے والی اس تقریب میں سفارت کاروں، معروف پاکستانی اور سعودی کاروباری شخصیات، پاکستانی اور سعودی کمیونٹی کے اراکین اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اس تقریب میں پاکستان اور سعودی عرب کے قومی ترانے بجائے گئے، کیک کاٹا گیا ۔پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید نے اپنے خطاب کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی بین الاقوامی تعلقات میں کوئی مماثلت نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط مذہبی، ثقافتی اور سماجی و اقتصادی بنیاد پر مبنی ہیں۔قونصل جنرل نےشاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے خطے اور اس سے باہر امن و استحکام کو فروغ دینے میں اہم کردار کی بھی تعریف کی۔

پاکستان انویسٹرز فورم کے چیئرمین شفقت چوہدری نےسعودی عرب کی اقتصادی ترقی میں پاکستانی تاجر برادری کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے سعودی قیادت کی حمایت اور پالیسیوں کی تعریف کی جن کا مقصد مملکت کی سماجی اور اقتصادی ترقی ہے۔اس تقریب میں مشترکہ ثقافتی خصوصیات کو اجاگر کرنے کے لیے پاکستانی اور سعودی گلوکاروں اور سکول کے بچوں کی جانب سے مختلف قسم کے ثقافتی شو پیش کئے گئے۔