سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر منظور الحق کا عبدالستار ایدھی کی یاد میںدعائیہ تقریب سے خطاب

180

ریاض ۔ 17 جولائی (اے پی پی) سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر منظور الحق نے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی ایک شخص نہیں بلکہ ایک سوچ، ایک فکر اور نظریہ تھے جو اپنی ذات سے ہٹ کر اور آرام و آسائش چھوڑ کر بلا تفریق رنگ و نسل و عقیدہ انسانیت کی خدمت میں مصروف رہتے تھے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے ریاض میں معروف سماجی کارکن مرحوم عبدالستار ایدھی کی یاد میں ایک دعائیہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔انھوں نے کہا کہ وہ بچے جن کو اپنے والدین چھوڑ دیتے یا وہ والدین جنھیں اپنے بچے چھوڑ جاتے ایدھی ان کیلئے سرپرست کا کردار ادا کرتے تھے۔وہ مریض جن کی تیمار داری کرنے والا کوئی نہ ہو ایدھی ان کے تیماردار تھے اس کے علاوہ بے آسرا، یتیم اور ذہنی و جسمانی طور پر معذور افراد کیلئے بھی ایدھی مرکز کے دروازے ہمیشہ کھلے رہتے تھے جہاں بیماروں کا علاج، بچوں کو تعلیم اور معذوروں کو سہارا دیا جاتا تھا۔سفیر نے کہا کہ ایدھی مرکز لاوارث بچوں کیلئے ٹھکانا ہے جہاں 1999 ءمیں 22 ہزار لاوارث بچے زیر کفالت تھے جن کی تعداد اب یقیناکہیں زیادہ ہوچکی ہوں گی۔منظور الحق نے کہا کہ ایدھی صاحب نے ملک بھر میں قریباً 400 ایدھی سینٹر قائم کیے جبکہ دنیا کی سب سے بڑی خیراتی ایمبولینس سروس چلارہے تھے جن کی خدمات خود ایدھی صاحب کے جنازے کے وقت بھی نہیں رکیں۔