سعودی عرب میں ڈیجیٹل ادائیگیوں میں اضافہ، کریڈٹ کارڈز حجم ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا،ساما

109
Central Bank of Saudi Arabia (SAMA)
Central Bank of Saudi Arabia (SAMA)

ریاض ۔21فروری (اے پی پی):سعودی عرب میں کریڈٹ کارڈ قرضے سالانہ 16 فیصد اضافے کی عکاسی کرتے ہوئے 2024 میں 31.37 ارب ریال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے۔عرب نیوز نے سعودی مرکزی بینک (ساما) کے حوالے سے بتایا ہے کہ کریڈٹ کارڈ قرضے اب مجموعی صارف فنانسنگ کا 6.66 فیصد بنتے ہیں جو گزشتہ چھ سال میں دوگنا ہیں۔ساما کے اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں مجموعی صارف قرضے471 ارب ریال تک پہنچ گئے ہیں۔

اعداد و شمار میں رئیل سٹیٹ فنانسنگ، فنانس لیزنگ اور مارجن لینڈنگ شامل نہیں۔قرض کی مختلف اقسام میں تعلیم کے لیے قرضے سب سے زیادہ بڑھے ہیں جو9.6 فیصد اضافے کے ساتھ8.17 ارب ریال اور سیاحت و سفری سہولیات کے قرضے8.1 فیصد بڑھ کر 992 ملین ریال تک پہنچے ہیں۔ گاڑیوں اور نجی نقل و حمل کے لیے کریڈٹ کارڈ قرضے سب سے بڑی کیٹیگری میں شامل رہے، جو کل صارف قرضوں کا 2.5 فیصد بنتے ہیں اور 11.71 ارب ریال کی سطح پر پہنچ چکے ہیں۔

کریڈٹ کارڈ قرض کی خاص بات یہ سامنے آئی ہے کہ91.8 فیصد صارف قرضے ’متفرق‘ کیٹیگری میں شمار کیے گئے۔ سعودی وژن 2030 کے تحت مملکت کو جدید اور کیش لیس معیشت کی طرف لے جاتے ہوئے یہ اضافہ ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ اور نقدی کے کم استعمال کی پالیسی کے عین مطابق ہے۔