اسلام آباد۔14جون (اے پی پی):سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں مئی کے دوران ماہانہ بنیادوں پر7فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے۔سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکےمطابق مئی میں سعودی عرب سے ترسیلات زر کا حجم 524ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جواپریل کے مقابلے میں 7فیصد زیادہ ہے۔
اپریل میں سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 490ملین ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا تھا۔گزشتہ سال مئی کے مقابلے میں رواں سال مئی میں سعودی عرب سے ترسیلات زرمیں سالانہ بنیادوں پر4فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ۔ گزشتہ سال مئی میں سعودی عرب سے ترسیلات زر کا حجم 546ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جو رواں سال مئی میں 524 رہا۔
جاری مالی سال کے پہلے 11ماہ میں سعو دی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 5.92ارب ڈالر کا زرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 16فیصد کم ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں سعودی عرب سے ترسیلات زر کا حجم 7.079ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔