سعودی عرب میں کورونا وائرس کی وبا کا گراف مسلسل گر رہا ہے، ترجمان وزارت صحت

150

ریاض۔6ستمبر (اے پی پی):سعودی وزارت صحت کے ترجمان ڈاکٹر محمد العبد العالی نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کی وباکا گراف مسلسل گر رہا ہے، اور کورونا وائرس کی وبا کے مصدقہ کیسز میں بھی مسلسل کمی واقع ہورہی ہے۔ سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے کہا کہ تمام لوگ کورونا ایس او پیز کی پابندی اور ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نئے سائنسی جائزوں سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ ویکسین کی دونوں خوراکیں لینے سے طویل مدت تک کورونا وائرس سے تحفظ مل جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ طبی جائزوں سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ کورونا ویکسین کی دوسری خوراک لینے کے 4ہفتے بعد وائرس میں مبتلا ہونے کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویکسین کی دو خوراکوں کے بعد اگر کوئی کووڈ ۔19 کا شکار ہوتا ہے تو ایسی صورت میں ہسپتال جانے یا انتہائی نگہداشت کے شعبے میں داخل ہونے کی ضرورت نہیں پڑتی۔