ریاض۔3ستمبر (اے پی پی):انشورنس سیکٹر کے ترجمان عادل العیسی نے کہا ہے کہ بغیر انشورنس والی گاڑیوں کی آن لائن نشاندہی سے گاڑیوں کی انشورنس فیس میں کمی کی صورت میں نکلے گا۔ سعودی اخبار کے مطابق انہوں نے دعوی کیا کہ سعودی عرب میں تقریبا پچاس فیصد افراد بغیر انشورنس کے گاڑیاں چلا رہے ہیں۔
انشورنس کرانے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا تو ایسی صورت میں گاڑیوں کی انشورنس کی لاگت کم ہوجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ انشورنس کمپنیاں گاڑیوں کی انشورنس کرانے پر مالکان کو آمادہ کرنے کے لیے مثبت سکیمیں شروع کررہی ہیں۔ انشورنس کمپنیوں نے گزشتہ ہفتے ’نجم‘ کمپنی کی سربارہی میں خصوصی آگہی مہم شروع کی ہے۔ جس کا سلوگن ’انشورنس کراؤ محفوظ رہو‘ہے۔
گاڑیوں کی انشورنس کرانے والوں کو سب سے بڑا فائدہ ٹریفک حادثات کے بعد مسائل کے حل کی صورت میں ملے گا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل سعودی محکمہ ٹریفک نے کہا تھا کہ اکتوبر کے شروع سے گاڑیوں کی انشورنس آن لائن چیک کی جائے گی۔