سعودی عرب میں گرمی کی شدید لہر رواں ہفتے کے آخر تک جاری رہنے کا امکان

272
weather

ریاض۔15جولائی (اے پی پی):سعودی عرب میں گرمی کی شدید لہر اس ہفتے کے آخر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اردو نیوز کےمطابق سعودی عرب کے موسمیات کے قومی مرکز نے کہا ہے کہ الشرقیہ ریجن میں درجہ حرارت 47 سے 49 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان، ریاض اور قصیم میں 45 سے 47 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان ،مکہ مکرمہ، مدینہ منورہ ریجن میں درجہ حرارت 42 سے 45 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

گزشتہ روز الاحسا میں درجہ حرارت 48 ڈگری سینٹی گریڈ، دمام اور ینبع میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ، ریاض، شرورہ اور مکہ مکرمہ میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ اور وادی الدواسر میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ موسمیات کے قومی مرکز نےحفر الباطن، القیصومہ اور الاحسا میں درجہ حرارت 50 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے پر ہیٹ سٹروک کے خطرے کی ابتدائی وارننگ جاری کی ہے۔