جدہ۔1ستمبر (اے پی پی):سعودی عرب کے قومی مرکز برائے جنگلی حیات نے کہا ہے کہ مملکت میں شکار کا سیزن یکم ستمبر 2024 سے یکم جنوری 2025 تک جاری رہے گا۔ ایس پی اے کے مطابق سعودی قومی مرکز برائے جنگلی حیات نےواضح کیا ہے مملکت میں شکار کے قوانین و ضوابط کو اپ ڈیٹ کر دیا گیا ہے۔شکار کے ضوابط میں قدرتی وسائل کے پائیدار استعمال کے ساتھ ساتھ حیاتیاتی اقسام اور ماحولیاتی توازن کے تحفظ کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔
قومی مرکز نے نئے قواعد وضع کرنے کے لیے مبینہ طور پر شکار کے شعبے میں ماہرین کی آراء کو شامل کیا ہے جس میں مملکت کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بہترین طریقوں اور شکار کے ماضی کے حوالوں سے تحقیق کی گئی ہے۔قومی مرکز برائے جنگلی حیات کی رپورٹ میں شائع کیا گیا ہے کہ ایسے جانور یا پرندے جن کا شکار کیا جا سکتا ہے ان کی فہرست ادارے کی ویب سائٹ اور ’فطری‘پلیٹ فارم پر مہیا کر دی گئی ہے۔
شکار کرنے کے شوقین حضرات جن کے پاس متعلقہ حکام سے رائفلز کا لائسنس ہے یا وہ سعودی فالکنز کلب میں رجسٹرڈ فالکنرز ہیں، انہیں ’فطری‘ پلیٹ فارم کے ذریعے شکار کا اجازت نامہ حاصل کرنا ہوگا۔قومی مرکز نے انتباہ جاری کیا ہے کہ جنگلی حیات کی مخصوص اقسام جو فہرست میں شامل نہیں ان جانوروں کے شکار پر سختی سے پابندی عائد ہے۔