سعودی عرب میں 140خواتین ٹریفک انسپکٹر بھرتی

86

ریاض۔ 6 ستمبر (اے پی پی) سعودی ٹریفک پولیس میں بھرتی کی جانے والی 140خواتین کال سینٹر کے علاوہ انشورنس انسپکٹر کے طور پر بھی کام کریں گی۔العربیہ نیوز کے مطابق ٹریفک حادثات کا معائنہ اور رپورٹنگ کرنے والی کمپنی ‘نجم’ نے 140 خواتین کو بطور ٹریفک انسپکٹر بھرتی کیا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نجم کمپنی کے ایگزیکٹو چیئرمین ڈاکٹر محمد السلیمان نے بتایا کہ انسپکٹر کے طور پر بھرتی ہونے والی خواتین کو ضروری تربیت فراہم کرنے کے بعد ذمہ داریاں تفویض کردی گئی ہیں۔ اس کا آغاز ریاض سے ہوا ہے تاہم خواتین کی بھرتی کا سلسلہ باقی شہروں میں بھی جلد شروع کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کام کے پہلے دن ہی ریاض میں انسپکٹر خاتون نے 5 حادثات کی کامیاب رپورٹنگ کی ہے۔ ڈاکٹر محمد السلیمان نے مزید کہاکہ معاشرے کی تعمیر و ترقی میں خواتین بھی کردار ادا کررہی ہیں۔ وژن 2030ء کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے نجم کمپنی بھی اپنے حصے کا کام کرے گی۔