سعودی عرب میں3 روزہ فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کانفرنس 29 اکتوبر سے ریاض میں ہوگی

133
Future Investment Initiative Conference
Future Investment Initiative Conference

ریاض۔10ستمبر (اے پی پی):سعودی عرب میں3 روزہ فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کانفرنس باعنوان ’’ایک لامحدود افق :کل کی تشکیل کے لیے آج سرمایہ کاری ‘‘ 29 اکتوبر سے ریاض کے شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں منعقد ہوگی۔العربیہ کے مطابق آٹھویں سالانہ کانفرنس کے ذریعے فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو فاؤنڈیشن اس بارے میں بات چیت کو فروغ دے گا کہ کس طرح سرمایہ کاری خوشحال اور پائیدار مستقبل کے لیے ایک عمل انگیز کے طور پر کام کر سکتی ہے اورزیادہ سے زیادہ فوائد کے حصول کے لیے اس افق کو کیسے وسعت دی جائے۔

فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو فاؤنڈیشن کے سی ای او اور بورڈ ممبر رچرڈ اٹیس نے اس موضوع کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایک لامحدود افق صرف ایک نعرہ نہیں ہے، بلکہ ہمارے اجتماعی وژن کو وسعت دینے کے لیے ایک واضح دعوت ہے۔ لامحدود مستقبل اس ایڈیشن کا نعرہ ایک ایسے مستقبل کی طرف لے جانے والی گفتگو کے لیے ہماری وابستگی کو ظاہر کرتا ہے جہاں سرمایہ کاری کی کوئی حد نہیں ہوتی اور سب کے لیے بہتر کل کی جانب کام کرتے ہیں۔

رواں سال فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو فاؤنڈیشن کی سالانہ کانفرنس میں عالمی چیلنجزکا مقابلہ کرنے اور ان سے نمٹنے کے لیے نئی حکمت عملیوں، عالمی معیشت میں افریقہ کے کردار، کلیدی عہدوں پر خواتین کے کردار کو بڑھانے، اندرونی ڈھانچےاور سرمایہ کاری کے عملی پہلوؤں پر توجہ دی جائے گی۔

کانفرنس میں موجودہ دور سے متعلق مختلف شعبہ زندگی سےوابستہ 5000 سے زائد مہمانوں اور 500 مقررین کی شرکت متوقع ہے، جس میں 200 سے زائد سیشنز شامل ہیں۔ اس میں مصنوعی ذہانت، اختراع، صحت اور جغرافیائی سیاسی مسائل کے ساتھ ساتھ معاشی استحکام، مساوی ترقی اور ماحولیاتی تغیرات کے خلاف جنگ جیسے موضوعات پر بات کی جائے گی۔