سعودی عرب نے ’’تاریخی اسرائیلی ریاست ‘‘کے خود ساختہ نقشے کو مسترد کردیا

181

ریاض۔9جنوری (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کے بعد سعودی عرب نے بھی قابض اسرائیلی ریاست کی طرف سے نام نہاد ’’تاریخی اسرائیلی ریاست ‘‘ کے جعلی اور خود ساختہ نقشوں کی سوشل میڈیا پر اشاعت کی مذمت کرتے ہوئے انہیں مسترد کردیا ہے۔ العربیہ اردو کے مطابق سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے عالمی برادری سے خطے کے ممالک کے خلاف اسرائیل کی خلاف ورزیوں کو روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اسرائیل کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر شائع کردہ نقشوں میں عرب ممالک اردن، لبنان اور شام کے کچھ حصوں کو ان کی مبینہ سرحدوں میں دکھایا گیا ہے۔ سعودی عرب نے واضح کیا ہے

کہ اس طرح کے انتہا پسندانہ اقدامات قابض اسرائیلی حکام کے اپنے غاصبانہ تسلط کو مستحکم کرنے اور ریاستوں کی خودمختاری پر کھلے عام حملے جاری رکھنے اور بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کی خلاف ورزی کے عزائم کو ظاہر کرتے ہیں۔اس تناظرمیں سعودی عرب نے عالمی برادری سے خطے کے ممالک اور عوام کے خلاف اسرائیلی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے اور ریاستوں اور ان کی سرحدوں کی خودمختاری کا احترام کرنے کی ضرورت پر زور دینے کے لیے اپنے مطالبے کی تجدید کی ہے۔قبل ازیں متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں بھی اسرائیلی اقدام کی مذمت کی گئی تھی۔یہ نقشہ اسرائیلی وزارت خارجہ کے عرب زبان کے اکائونٹ پر جاری کیا گیا ہے۔