سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر ڈیپازٹ کی مدت میں توسیع کر دی

212
سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر ڈیپازٹ کی مدت میں توسیع کر دی

اسلام آباد۔5دسمبر (اے پی پی):سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ (ایس ایف ڈی)نے سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کی معیشت کی حمایت کے لئے دیئے گئے 3 ارب ڈالر ڈیپازٹ کی مدت میں ایک سال کی توسیع کر دی ہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس ڈیپازٹ کی میچورٹی کی تاریخ 5 دسمبر 2024تھی۔ڈیپازٹ کی مدت میں یہ توسیع پاکستان کے لئے مملکت سعودی عرب کی مسلسل حمایت کا تسلسل ہے جو پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر کو مضبوط کرنے اور ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی میں معاون ثابت ہوگی۔

3 ارب ڈالر کے ڈیپازٹ سے متعلق معاہدہ سب سے پہلے 2021 میں سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے ساتھ طے پایا تھا، جس کے بعد شاہی ہدایات پر 2022 اور 2023 میں اس کی مدت میں توسیع کی گئی۔ ڈیپازٹ کی مدت میں توسیع سے دونوں برادر ممالک کے درمیان قریبی تعلقات کے تسلسل کی عکاسی ہورہی ہے۔