مکہ ۔19جون (اے پی پی): سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ نے حج سیزن 1446 ھ کے لئے اوقات کار اور ابتدائی انتظامات کی دستاویز سرکاری طور پر جاری کردی۔ یہ آئندہ حج سیزن کے لئے ترقیاتی اقدامات کے سلسلے کا حصہ ہے جس کی نمایاں خصوصیت ” نسک پاتھ” پلیٹ فارم ہے جس کا مقصد عازمین حج کی خدمات میں ڈیجیٹل تبدیلیوں کو وسعت دینا ہے۔
ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے اس بات کو اجاگر کیا کہ اس بار سعودی عرب کی وزارت داخلہ اور وزارت حج و عمرہ کی قیادت میں بنیادی اقدامات کو متعارف کرایا گیا۔ خاص طور سے ” بغیر پرمٹ حج نہیں” مہم کے ذریعے غیر مصدقہ عازمین کی مکہ میں موجودگی پر قابو پانے کے اہداف کو حاصل کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ مصدقہ عازمین کی رہائشوں اور خیموں میں غیر مصدقہ عازمین بارے کوئی شکایات موصول نہیں ہوئیں۔ مزید برآں ”نسک کارڈ” کا اجرا کیا گیا جس کے ذریعے عازمین بارے ضروری معلومات اورعازمین کو خدمات فراہم کی گئیں۔
”ختامہ مسک” ( انجام بخیر) تقریب کے دوران، جس کا انعقاد ممتاز شخصیات کے اعزاز میں کیا گیا اور جس کے دوران حج 1446 ھ کی دستاویزات حوالے کی گئیں اور ” لبیتم” ( آپ نے جواب دیا) جیتے والوں کے ناموں کا اعلان کیا گیا، ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے آئندہ حج سیزن کے لئے متعدد ترقیاتی اقدامات کا اعلان کیا۔ ان اقدامات کا مقصد عازمین کی صحت اور تحفظ کو یقینی بنانا اور ان کی طرف سے مناسک حج کی سہولت اور اعتماد کے ساتھ ادائیگی کو یقینی بنانا ہے۔
تقریب کے آغاز میں ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے حاضرین کو رواں سال حج سیزن کی کامیابی کے ساتھ تکمیل پر مبارک باد دی۔ انہوں نے اس کامیابی کو اللہ کے فضل و کرم، خادم حرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی معاونت و رہنمائی اور ولیعہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان کی شوق اور ولولے کے ساتھ نگرانی کا نتیجہ قرار دیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=477533