ریاض۔8اگست (اے پی پی):سعودی عرب کا زلزلہ متاثرین کے لیے 19 واں امدادی جہاز ترکیہ کے غازی عنتاب ہوائی اڈے پرپہنچ گیا۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی سامان کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے، اس ضمن میں19 واں امدادی جہاز 27 ٹن امدادی سامان لےکر ترکیہ کے غازی عنتاب ہوائی اڈے پرپہنچ گیا ۔
یہ امدادی طیارہ سعودی عرب کے ترکیہ کے لیے امدادی پل کا حصہ ہے۔خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزآل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ہدایت پر رواں سال فروری میں شام اور ترکیہ میں آنے والےشدید زلزلے کے بعد متاثرین کے لیے امدادی سامان فراہم کیا جا رہا ہے جس کی نگرانی شاہ سلمان سینٹر کر رہا ہے۔