سعودی عرب کا سٹیل انڈسٹری سیکٹر میں حدیدکمپنی قائم کرنے کا اعلان

126

ریاض۔4ستمبر (اے پی پی):سعودی عرب نےسٹیل انڈسٹری سیکٹر میں بڑی کمپنی ’’حدید‘‘ قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔ سعودی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی آئرن اینڈ سٹیل کمپنی (حدید) میں پبلک انویسٹمنٹ فنڈ اور الراجحی انویسٹمنٹ کمپنی کے ملکیتی حقوق کا تناسب طے کیا جائے گا۔ سعودی پبلک انویسٹمنٹ فنڈ نے کہا کہ سابک سے حدید کمپنی کے سو فیصد حصص خریدنے کا معاہدہ کیا ہے۔

معاہدے کی شرائط کے مطابق حدید کمپنی الراجحی سٹیل انڈسٹریز کمپنی کے حصص کی بھی سو فیصد مالک ہوگی۔معاہدے کے تحت حدید کمپنی میں محمد عبدالعزیز الراجحی اینڈ سنز کمپنی کو نئے حصص حاصل کرنے اور سرمایہ بڑھانے کا موقع دیا جائے گا۔

پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے ڈپٹی گورنر و مشرق وسطی اور شمالی افریقا میں انویسٹمنٹ ادارے کے سربراہ یزید بن عبدالرحمن الحمید نےکہا ہے کہ مستقبل میں سٹیل سیکٹر سعودی معیشت کے اہم ترین شعبوں میں سے ایک ہوگا،جس سے آمدنی کے ذرائع میں تنوع پیدا ہوگا اوریہ معیشت کی شرح نمو بڑھانےکا باعث بھی بنے گا۔