ریاض۔13جنوری (اے پی پی):سعودی عرب نےشام پر عائد بین الاقوامی پابندیاں ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے ،سعودی پریس ایجنسی کے مطابق مشرق وسطی اور یورپی اعلی سفارتکاروں سے ملاقات کے بعد پریس کانفرنس میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے شام پر عائد بین الاقوامی پابندیاں ختم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ پابندیاں ملک کی تعمیر نو اور ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اجلاس میں شام پر عائد یکطرفہ اور بین الاقوامی پابندیوں کے خاتمے کے اہمت پر زور دیا گیا ہے کیونکہ ان کا تسلسل شامی عوام کے ترقی اور تعمیر نو کے حصول کے عزائم میں رکاوٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاض اجلاس کے شرکا نے ان مثبت اقدامات کا خیرمقدم کیا ہے جو شام کی نئی قیادت نے اٹھائے ہیں، جن میں ریاستی اداروں کا تحفظ، شام میں مکالمے کا آغاز اور دہشت گردی سے نمٹنے کا عزم شامل ہے۔شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ ہم نے شام کے لئے انسانی اور معاشی امداد جاری رکھنے، استحکام کے حصول ، تعمیر نو اور شامی پناہ گزینوں کی واپسی کے لئے مناسب ماحول تیار کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب شام اور اس کے عوام کے ساتھ تعاون جاری رکھنے اور ان کے ساتھ کھڑے رہنے کا خواہاں ہے۔