سعودی عرب کا غزہ میں جنگ بندی کے لیے کوششوں کا خیرمقدم

149
Saudi Arabia

ریاض۔10اگست (اے پی پی):سعودی عرب نے امریکا، مصر اور قطر کی جانب سے اسرائیل اور فلسطین کو 15 اگست کو غزہ میں جنگ بندی کےلیے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کی دعوت کا خیرمقدم کیا ہے۔

ایس پی اے کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے بیان میں جنگ بندی تک پہنچنے اور غزہ میں بگڑتے انسانی حالات سے نمٹنے کےلیے امریکی صدر جو بائیڈن، مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کی مسلسل کوششوں کےلیے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔مملکت نے خونریزی روکنے، مصائب کے خاتمے، شہریوں کے تحفظ ، اسرائیلی قبضے کو ختم کرنے، امن وسلامتی کے حصول اور فلسطینی عوام کو ان کے مکمل جائز حقوق دینے کےلیے آگے بڑھنے کی ضرورت پر زور دیا۔یاد رہے کہ امریکی، قطری اور مصری ثالثوں نے 10 ماہ سے جاری جنگ میں دوسری جنگ بندی کو یقینی بنانے کی کوشش کی ہے۔

مشترکہ بیان میں تینوں ممالک کے رہنماؤں نے متحارب فریقین کو 15 اگست کو دوحہ یا قاہرہ میں دوبارہ مذاکرات شروع کرنے کی دعوت دی۔اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کے دفتر نے بعد ازاں کہا کہ اسرائیل 15 اگست کو ایک مذاکراتی ٹیم کو متفقہ جگہ پر بھیجے گا تاکہ معاہدے پر عمل درآمد کی تفصیلات طے کی جا سکیں۔