ریاض۔16مئی (اے پی پی):سعودی عرب نے اسرائیلی قابض فورسز کی جانب سے غزہ کے شہر خان یونس میں یورپی ہسپتال کو نشانہ بنائے جانے کی شدید مذمت کی ہے۔ اردو نیوز کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے گزشتہ روز جاری بیان میں کہا ہے کہ خان یونس میں اسرائیلی قابض فورسز کی جانب سے کی جانے والی فوجی کارروائی کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی شہید اور زخمی ہوئے ۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے برادر فلسطینی عوام پر کئے جانے والے مظالم کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ مملکت نے فلسطینیوں کی نسل کشی کے اسرائیلی جرائم کو یکسر طورپر مسترد کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کے اپنے مطالبے کا اعادہ کیا اور اسرائیلی قابض افواج کو عالمی اور انسانی ضوابط و قوانین کی مسلسل خلاف ورزی کا مکمل ذمہ دار قرار دینے پر زور دیا ۔