سعودی عرب کی ایئرلائن کی نئی پیشکش، حجاج کے لیے ٹھنڈے احرام متعارف

129

ریاض ۔25اپریل (اے پی پی):سعودی ایئر لائن (السعودیہ) کی جانب سے رواں سال حجاج کرام کے لیے ’ٹھنڈے احرام‘ متعارف کرانے کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ اخبار 24 سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی ایئرلائن کے مارکیٹنگ منیجر عصام اخونبائی نے کہا ہےکہ کولڈ احرام کومخصوص ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے اس طرح ڈیزائن کیا گیا ہے کہ جسم کو ٹھنڈا رکھا جاسکے۔

انہوں نے بتایا کہ احرام کی تیاری میں امریکی کمپنی کا تعاون بھی حاصل رہا، احرام کو دبئی کی عربین ٹریول مارکیٹ ’اے ٹی ایم 2025‘ میں پیش کیا جائے گا۔ٹھنڈے احرام کے حوالے سے اخونبائی کا مزید کہنا تھا کہ کپڑے کی تیاری میں جو ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے اس کی خاصیت یہ ہے کہ انسانی جلد کو گرمی کی تپش سے محفوظ رکھنے میں معاون ثابت ہوتی ہے۔

گرمی کی تپش کو ایک سے 2 ڈگری سینٹی گریڈ تک کم کیا جا سکتا ہے جس سے احرام پہنے والے کو گرمی کی شدت کا احساس کم ہوجاتا ہے۔ واضح رہے کہ ٹھنڈے احرام کا آغازجون 2025 سے کیا جائے گا۔