ریاض ۔25جنوری (اے پی پی):شام نے کہا ہے کہ وہ سعودی عرب کی تاریخی سپورٹ کو قدر کی نگاہ سےدیکھتا ہے ۔ العربیہ کے مطابق شام کے وزیر خارجہ اسعد الشیبانی نے ایک بار پھر اپنے ملک پر عائد بین الاقوامی پابندیاں اٹھائے جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ نئی سیاسی انتظامیہ شام میں سرمایہ کاری کا دروازہ کھولنے کی حمایت کرتی ہے۔
اسعد الشیبانی نے شام کے استحکام کے حوالے سے سعودی عرب کے تاریخی موقف کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شام اور سعودی عرب کے درمیان تمام امور پر وسیع بات چیت ہو رہی ہے۔ ہم مملکت کے ساتھ تزویراتی تعلق قائم کرنے کے خواہاں ہیں۔اس سے قبل اسعد الشیبانی نے دمشق میں اپنے سعودی ہم منصب شہزادہ فيصل بن فرحان کا استقبال کیا۔
شامی وزیر خارجہ نے ملک میں تعمیر نو، سماجی بہبود اور صحت اور توانائی کےسیکٹروں میں سعودی عرب کے ساتھ عملی تعاون کی اہمیت کو باور کرایا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تعاون خطے میں سلامتی اور خوش حالی کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم محرک ہے۔
الشیبانی نے باور کرایا کہ دمشق اس مشترکہ عرب منصوبے کا فعال جزو بننے کی کوشش کر رہا ہے جو خطے میں استحکام اور ترقی کو فروغ دے۔ شامی وزیر خارجہ نے کہا کہ ان کا ملک عرب ممالک کے ساتھ تعاون کی خاطر تعلقات کا نیا صفحہ کھولے گا۔