سنگا پور۔ 3 اکتوبر (اے پی پی) سعودی عرب کی جانب سے آئندہ ماہ ایشیاء کیلئے خام تیل کی قیمت میں اضافہ کا امکان ہے۔عالمی خبر رساں ادارے روئٹرز نے ایشیائی انڈسٹری ذرائع جو کہ ایشیاء کی پانچ بڑی ریفائنریز کے سروے پر مشتمل ہے،کے حوالے سے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ایشیاء کے لئے نومبر کی فلیگ شِپ عرب لائٹ کروڈ (اے ایل)کی قیمت (او ایس پی یا آفیشل سیلینگ پرائس ) میں اکتوبر کے مقابلے میں کم از کم 50 سینٹ فی بیرل اضافے کا امکان ہے جو کہ رواں سال جولائی کے بعد کروڈ کی فی بیرل قیمت میں بلند ترین اضافہ ہو گا۔انھوں نے کہا کہ سعودی آئل ریفائنریز پر حملوں کے نتیجے میں ان کو پہنچنے والے نقصان کے باعث عرب لائٹ اور عرب ایکسٹرا لائٹ کی پیداوار میں 5.7 ملین بیرل یومیہ سے نصف تک کمی آئی ہے۔