سعودی عرب کی جانب سے غزہ کے لیے عوامی عطیات مہم کے دوران چند گھنٹوں میں 6 کروڑ ریال جمع

137
Saudi Arabia

ریاض ۔3نومبر (اے پی پی):سعودی عرب کی جانب سے غزہ کے لیے عوامی عطیات مہم کے دوران چند گھنٹوں میں 6 کروڑ ریال جمع ہو گئے ، عرب نیوز کے مطابق شاہ سلمان امدادی مرکز کی جانب سے غزہ کے فلسطینی بھائیوں کے لیے عطیات جمع کرنے کی عوامی مہم کے اعلان کے چند گھنٹوں میں ’ساھم‘ پورٹل پر 6 کروڑ ریال جمع ہو گئے ، یہ رقم 70 ہزار 660 افراد نے جمع کرائی۔

شاہ سلمان امدادی مرکز کے نگران اعلی ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے بتایا کہ خادم حرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے 30 ملین ریال جبکہ ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے 20 ملین ریال برادر فلسطینی عوام کےلیے عطیہ کیے ہیں۔

شاہ سلمان مرکز کی جانب سے مزید کہا گیا کہ غزہ کے عوام کو انسانی بنیادوں پر غذا، ادویات، پینے کا صاف پانی اور دیگر ضروری روز مرہ کی اشیا کی شدید ضرورت ہے جنہیں ہنگامی بنیادوں پران تک پہنچانے کے لیے تیزی سے کام کرنا ہوگا۔