سعودی عرب کی جنرل سول ایوی ایشن کے8رکنی سکیورٹی وفد کی ڈائریکٹر سکیورٹی پاکستان سول ایوی ایشن سے ملاقات

62
صدر فیصل آباد چیمبر

کراچی۔6جون (اے پی پی):سعودی عرب کی جنرل سول ایوی ایشن (گاکا) کے8رکنی اعلی سطحی سکیورٹی وفد نےمنگل کی صبح ڈائریکٹر سکیورٹی پاکستان سول ایوی ایشن سے ملاقات کی ۔سول ایوی ایشن کے ترجمان کے مطابق سعودی عرب کی جنرل سول ایوی ایشن (گاکا) کے وفد کی سربراہی محمد العجمی جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت ڈائریکٹر سکیورٹی پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی ایئر کموڈور (ر) شاہد قادر کر رہے تھے۔ ملاقات میں فریقین نے برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کو نئی سطح پر لے جانے کے عزم کا اعادہ کیاگیا۔

اس موقع پرڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) محمد العجمی نےسعودی وفد کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مختلف ہوائی اڈوں کے دوروں کے دوران سعودی مہمانوں سے مکمل تعاون کیا جائے اورسعودی وفد کو ہرممکن سہولت فراہم کی جائے۔اس موقع پر سعودی وفد کے سربراہ نے پرتپاک استقبال پر پاکستان سوی ایوی ایشن کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ دونوں سول ایوی ایشنز کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔

ملاقات کے بعد دونوں اطراف سے تحائف کا تبادلہ بھی کیا گیا۔واضح رہے کہ سعودی وفد گذشتہ روز پاکستان کے دورہ پر پہنچا تھا۔ سعودی عرب کی جنرل سول ایوی ایشن (گاکا) کا 8رکنی اعلیٰ سطحی سکیورٹی وفد پاکستان کے 3 ہفتے کے دورے پر ہے جس کےدوران سعودی وفد کراچی، لاہور، سیالکوٹ، ملتان، اسلام آباد اور پشاور ایئرپورٹس کا دورہ کرے گا۔وفد کے اس دورے کا مقصد پاکستان ائرپورٹس سے براہ راست سعودی عرب جانے والی پروازوں کو فراہم کی جانے والی سکیورٹی کا جائزہ لینا ہے۔