ریاض۔4اپریل (اے پی پی):سعودی عرب نے شام میں اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ ان حملوں میں شام کے پانچ مختلف علاقوں کو نشانہ بنایا گیا اور درجنوں شہری اور فوجی زخمی ہوگئے۔ العربیہ اردو کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے بیان میں مملکت کی جانب سے شام میں اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ مملکت نے قابض اسرائیلی حکام کی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کے ذریعے شام اور خطے کی سلامتی اور استحکام کو خطرے میں ڈالنے کی کوششوں کو یکسر مسترد کر دیا۔ سعودی عرب نے عالمی برادری خاص طور پر سلامتی کونسل کے مستقل ارکان پر بھی زور دیا کہ وہ اس حوالے سے اپنا کردار ادا کریں اور شام اور خطے میں اسرائیل کی مسلسل خلاف ورزیوں کے خلاف سنجیدگی اور عزم کے ساتھ کھڑے ہوں اور اسرائیل کے خلاف بین الاقوامی احتسابی میکانزم کو فعال کریں۔
واضح رہے کہ اسرائیل نے بدھ کی رات کو شام میں فضائی حملوں کا سلسلہ شروع کیا خاص طور پر شمالی دمشق میں ایک سائنسی تحقیقی مرکز اور ملک کے وسط میں حماۃ شہر کو نشانہ بنایا گیا۔ ایک اسرائیلی فضائی حملے میں دارالحکومت دمشق کے برزہ محلے میں سائنسی تحقیق کی عمارت کے آس پاس کے علاقے کو بھی نشانہ بنایا۔