اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی نے بدھ کی صبح پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر فراہم کردہ دوسری امدادی کھیپ وصول کی۔ یہ امدادی کھیپ سعودی عرب کی طرف سے شاہ سلمان مرکزکے ذریعے بھیجی گئی۔ یہ بات پاکستان میں سعودی سفارتخانے سے جاری بیان میں کہی گئی ہے۔
پاکستان نے سعودی عرب کی طرف سے سیلاب متاثرین کے لئے امدادی سامان کی فراہمی پر سعودی حکومت سے اظہار تشکر کیا ہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ سعودی عرب سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لئے انسانی امداد کی پہلی پرواز منگل کو کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی تھی۔ پہلی کھیپ پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی، کراچی میں سعودی عرب کے قونصل جنرل بندر فہد الدیل نے دفتر خارجہ اور این ڈی ایم اے کے نمائندوں کے ہمراہ وصول کی تھی۔