سعودی عرب کی غزہ پر ایٹم بم گرانے کے اسرائیلی وزیر کے بیان کی مذمت

183
Saudi Foreign Minister
Saudi Foreign Minister

ریاض ۔6نومبر (اے پی پی):سعودی عرب نے غزہ کی پٹی پر ایٹم بم گرانے کے حوالے سے اسرائیلی حکومت کے ایک وزیر کے انتہا پسندانہ بیانات کی شدید مذمت کی ہے۔سعودی خبررساں ادارے کے مطابق وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اس طرح کے ریمارکس اسرائیلی حکومت کے ارکان میں انتہا پسندی اور بربریت کو ظاہر کرتے ہیں۔

وزارت خارجہ کا بیان میں کہنا تھا کہ اسرائیلی وزیر کو فوری طور پر حکومت سے برطرف نہ کرنا اور محض رکنیت کی معطلی تمام انسانی، اخلاقی، مذہبی اور قانونی معیارات اور اقدار کو مکمل طور پر نظر انداز کرنا ہے۔ یاد رہے کہ اسرائیل کے وزیر برائے قومی ورثہ ایمچے ایل یاہو نے ایک انٹرویو کے دوران کہا تھا کہ غزہ پر نیوکلیئر بم گرانا بھی ایک آپشن ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق قومی ورثہ کے وزیر کو تاحکم ثانی حکومتی اجلاسوں میں شرکت سے معطل کیا گیا ہے۔

وزیر کے انٹرویو کے فوراً بعد وزیر اعظم کے آفس نے اس حوالے سے ایک بیان جاری کیا جس میں اس تبصرے کوبعید از حقیقت قرار دیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل غزہ میں سویلین کو بچانے کی کوشش کر رہا ہے۔ اسرائیلی وزیر نے تنقید کے بعد ٹویٹر پر وضاحت کی کہ انہوں نے نیوکلیئر بم استعمال کرنے کا بیان بطورہ استعارہ استعمال کیا تھا۔