لندن۔25جون (اے پی پی):سعودی عرب کی فضائی کمپنی فلائی ناس کو انٹرنیشنل ٹریکس آرگنائزیش نے مسلسل ساتویں بار مشرق وسطیٰ کی بہترین لو بجٹ ایئرلائن قرار دیا ہے۔ اردو نیوز کے مطابق انٹرنیشنل ٹریکس آرگنائزیش نے فلائی ناس کو دنیا کی 3 سب سے کم لاگت والی ایئرلائز میں شمار کیا ہے۔ فلائی ناس کے سی ای او بندر المھنا نے لندن میں سکائی ٹریکس ایوارڈز 2024 کی سالانہ تقریب میں شرکت کی اور اعزاز حاصل کیا۔ سکائی ٹریکس ایوارڈ کے مطابق لوبجٹ ایوی ایشن سیکٹر میں فلائی ناس کا اپنی پوزیشن کو مستحکم رکھنا سعودی عرب کے لئے ایک کامیابی ہے۔
فلائی ناس کے سی ای او نے کہا کہ سعودی عرب مختلف شعبوں خاص طور پر ٹریول، ٹورازم اور ایوی ایشن میں دنیا کے ممالک میں سب سے آگے ہے ،ان شعبوں پر سعودی وژن 2030 کے مطابق توجہ دی گئی ہے۔ انہوں نے اس کامیابی کو مسافروں کے اعتماد، ٹیم کی لگن اور سعودی قیادت کی طرف سے ملنے والی حوصلہ افزائی سے منسوب کیا جو تمام سعودی کمپنیوں کوحکومت کی طرف سے حاصل ہے۔
واضح رہے کہ سکائی ٹریکس ایوارڈ کا فیصلہ ہرسال مسافروں کی ووٹنگ سے ایک جامع سروے کے ذریعے کیاجاتا ہے اور یہ دنیا بھر میں ایوی ایشن انڈسٹری میں سب سے باوقار ایوارڈز میں سے ایک ہے۔ فلائی ناس نے اپنا فضائی سفر 2007 میں شروع کیا تھا اور آج 1500 سے زیادہ ہفتہ وار پروازوں کے ذریعے 70 سے زیادہ ملکی اور بین الاقوامی مقامات سے خود کو جوڑے ہوئے ہے اور اس کا ہدف سعودی وژن 2030 کے مطابق 165 ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل مقامات تک پہنچنا ہے۔