سعودی عرب کی فلسطینی اتھارٹی کے لیے 30 ملین ڈالر کی امداد

2

ریاض۔28جون (اے پی پی):سعودی عرب نے اسرائیلی پالیسیوں کے باعث فلسطینی اتھارٹی کو درپیش شدید مالی بحران کے خاتمے میں مدد کےلیے 30 ملین ڈالر کی مالی امداد دی ہے۔

ایس پی اے کے مطابق یہ امداد عمان میں سعودی سفارتخانے کے قائم مقام ناظم الامور محمد بن حسن مونس نے فلسطینی وزیرخزانہ عمر بطار کے حوالے کی ہے۔انہوں نے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

فلسطینی وزیرخزانہ نے فلسطینیوں، ان کی آزادی، ریاست کے حقوق کے لیے جاری مالی اور سیاسی سپورٹ پر مملکت کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا فلسطین کے لیے فراہم کی جانے والی سیاسی، اقتصادی اور انسانی سپورٹ کا بھی اعتراف کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے یہ رقم اہم تعاون ہے جو فلسطینی اتھارٹی کو مالی بحران سے نمٹنے میں مدد کر رہی ہے جو انتہائی دائیں بازو کی اسرائیلی حکومت کی پالیسیوں کے باعث بڑھ رہا ہے۔

سعودی قائم مقام ناظم الامور نے فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے مملکت کی مستقل سپورٹ کا اعادہ کیا۔