اسلام آباد۔22ستمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطی امور اور پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ امیر فیصل بن فرحان کی طرف سے مسئلہ کشمیر سمیت پاکستان ہندوستان کے درمیان مذاکرات اور ثالثی کے کردار کو ادا کرنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہیں، پاکستان نے ہمیشہ مذاکرات کی بات کی ہے لیکن ہندوستان نے خطہ میں جارحیت، دہشت گردی او ر انتہا پسندی کو فروغ دیا ہے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر سعودی عرب کے وزیر خارجہ امیر فیصل بن فرحان نے ہندوستان کے دورے کے دوران سعودی عرب کے موقف کو واضح طور پر بیان کر دیا ہے جس کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں، پاکستان نے ہمیشہ ہندوستان کے ساتھ مذاکرات کی بات کی ہے اور پاکستان کا موقف واضح ہے کہ مذاکرات کشمیر کے بغیر ممکن نہیں ہے، سعودی عرب اگر مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پاک بھارت مذاکرات کیلئے کوشش کرتا ہے تو پاکستان اس کا خیر مقدم کرتا ہے اور کرے گا۔
سعودی عرب کو عالمی دنیا اور عالم اسلام میں ا ہم مقام حاصل ہے اور پاکستان سعودی عرب کے تعلقات میں کوئی قوت بھی حائل نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے بتایا کہ 23 ستمبر کو پاک سعودی عرب تعلقات ماضی، حال، مستقبل پر ایک اہم سیمینار اسلام آباد میں ہو گا ۔