ریاض۔6اکتوبر (اے پی پی):سعودی عرب نے مسجد اقصی میں اسرائیلی فوج کی اشتعال انگیز کارروائی کی مذمت کی ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزارت خارجہ نے مسجد اقصی میں اسرائیلی قابض افواج کے اشتعال انگیز کارروائی پرانتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی کارروائیاں امن کی بین الاقوامی کوششوں کو نقصان پہنچانے اور مقامات مقدسات کے احترام میں بین الاقوامی قواعد و ضوابط سے متصادم ہیں۔
سعودی وزارت خارجہ نے اس بات پرزوردیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کےاقدامات سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ اس قسم کی مسلسل خلاف ورزیوں کے نتائج کے لیے اسرائیلی قابض افواج مکمل طورپرذمہ دار ہے۔
بیان میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اسرائیلی قبضے کو ختم کرانے اورشہریوں کو ضروری تحفظ فراہم کرتے ہوئے تنازعے کو مستقل بنیادوں پرختم کرنے کےلیے اپنی کوششیں تیز کرے۔