سعودی عرب کی میزبانی میں وڈیو لنک کے ذریعے عرب بین الپارلیمانی یونین کی 39 ویں کانفرنس 10 جون سے شروع ہو گی
سعودی عرب کی میزبانی میں عرب بین الپارلیمانی یونین کی کانفرنس 10 جون سے شروع ہو گی

مزید خبریں
ریاض۔9جون (اے پی پی):سعودی عرب کی میزبانی میں وڈیو لنک کے ذریعے عرب بین الپارلیمانی یونین کی 39 ویں کانفرنس 10 جون سے شروع ہو گی،جو 11جون تک جاری رہے گی۔ اردو نیوز کے مطابق شوریٰ کونسل کے سپیکر شیخ عبداللہ بن محمد آلِ الشیخ نے بتایا کہ سعودی کونسل اورعرب بین الپارلیمانی یونین کے زیرِ اہتمام کانفرنس، عرب پارلیمان اور قانون ساز کونسل کے سپیکرز کے ساتھ کئی علاقائی تنظیموں کے وفود کو اکٹھا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کی سرپرستی عرب ممالک کے مشترکہ تعاون، علاقائی سلامتی اور استحکام کو مضبوط بنانے کی کوششوں کے لیے سعودی عرب کی حمایت کی عکاسی کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے، یکساں موقف اور عرب دنیا میں ترقی کو فروغ دینے کے لیے عرب پارلیمانی ہم آہنگی ضروری ہے۔ 1974 میں اکتوبر کی جنگ کے بعد شام کے دارالحکومت دمشق میں قائم ہونے والی عرب بین الپارلیمانی یونین، ایک علاقائی ادارہ ہے جو عرب پارلیمان کے درمیان تعاون کو بڑھانے، علاقائی و بین الاقوامی مسائل پر ہم آہنگی، عرب یکجہتی و قومی سلامتی کی حمایت اور مکالمے، نمائندہ جمہوریت اور انسانی حقوق کو فروغ دینے کے لیے کام کرتا ہے۔ یاد رہے کہ عرب بین الپارلیمانی یونین کی 38 ویں کانفرنس کی میزبانی 3 مئی 2025 کو الجزائر نے کی تھی۔








